فارسی زبان میں ”رود“ دریا کو کہا جاتا ہے۔ گویا ”زندہ رود“ ایک ایسا جیتا جاگتا اور جاوداں دریا ہے، جس کا سیلِ رواں چمنِ حال کو شاداب اور صحرائے مستقبل کو سیراب کرتا ہے۔ علامہ اقبال نے اپنی شہرہ آفاق تصنیف جاوید نامہ میں خود کو ”زندہ رود“ سے تعبیر کیا تھا۔ یعنی اقبال وہ دریا ہیں جو نہ صرف اپنی لہروں میں تاریخ کو سمیٹے ہوئے ہیں، بلکہ ہر دور کی زندگی کو تازہ لہروں سے نوازتے ہیں۔ اسی روحانی رشتے اور فکری تسلسل کو سینے سے لگائے ہوئے ہم نے اپنے اس سفر کے لیے ”زندہ رود“ کا نام چنا ہے۔
آغاز
«ایک مبتدی کے لیے فارسی شاعری کو درست صوتی آہنگ، وزن اور تلفظ کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا ایک دشوار کام ہے»
تجربہ
اس پروجیکٹ کی بنیاد ایک ذاتی تجربے اور شدید ضرورت کے احساس کے تحت رکھی گئی۔ ہمارے بانی، مخدوم حسان لاہوری نے جب زندگی میں باقاعدہ فارسی سیکھنا اور اساتذہ سے اقبال کے فارسی کلام کا سبقاً سبقاً مطالعہ شروع کیا، تو انہیں شدت سے احساس ہوا کہ ایک ابتدائی طالب علم کے لیے فارسی شاعری کو درست صوتی آہنگ، وزن، تلفظ اور حقیقی مفہوم کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا کس قدر دشوار ہے۔ یہ امر حیرت انگیز ہونے کے ساتھ ساتھ افسوسناک بھی تھا کہ علامہ اقبال کے اردو کلام کی تو بہترین آڈیو ریکارڈنگز موجود تھیں، لیکن ان کے فارسی کلام کی کوئی مکمل ریکارڈنگ پوری دنیا، حتیٰ کہ ایران میں بھی دستیاب نہ تھی، ہاں چیدہ چیدہ نظمیں ضرور میسر تھیں۔
فیصلہ
اس کمی کو محسوس کرتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ ایک ادارے کی شکل میں اس مشکل کو آسان کرنے کا بیڑا اٹھایا جائے۔ اس کا ابتدائی مقصد تو یہ تھا کہ اقبال کے مکمل فارسی کلام کو ریکارڈ کیا جائے، لیکن پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ میں وسعت آتی گئی اور دیگر اہداف بھی اس میں شامل ہوتے چلے گئے۔ تاہم، ان تمام اہداف کا بنیادی مقصد ہمیشہ ایک ہی رہا کہ فارسی شاعری کے اس سفر میں جن مشکلات کا سامنا انہیں بطور طالب علم خود کرنا پڑا، آئندہ کسی بھی نوجوان کو ان دشواریوں سے نہ گزرنا پڑے۔
منصوبے
زندہ رود کے تحت درج ذیل اہم پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔
برصغیر کی نئی نسل میں فارسی شاعری کا احیا۔ اس مقصد کے لیے فارسی شعرا کے کلام کا:
عربی
”زندہ رود آن لائن عربی لغت“ ایک جدید اور منفرد کاوش ہے جسے اوپن اے آئی کے بین الاقوامی جی پی ٹی اسٹور پر پیش کیا گیا ہے۔ یہ لغت عربی زبان سیکھنے اور سمجھنے والوں کے لیے ایک انمول تحفہ ہے، جو کسی بھی مشکل عربی لفظ کو سات اہم خصوصیات کے ذریعے واضح کرتی ہے۔
فارسی
”زندہ رود آن لائن فارسی لغت“ ایک جدید اور منفرد کاوش ہے جسے اوپن اے آئی کے بین الاقوامی جی پی ٹی اسٹور پر پیش کیا گیا ہے۔ یہ روایتی لغات سے ایک قدم آگے بڑھ کر کسی بھی مشکل فارسی لفظ کو چھ اہم خصوصیات کے ذریعے واضح کرتی ہے۔
اعزاز
ہمیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ فارسی ادب کی دنیا میں ایک خاموش انقلاب برپا کرنے والے اوپن سورس پلیٹ فارم ”گنجور“ کے ساتھ ہمارا ایک تاریخی اشتراک جاری ہے۔ اپنے مشترکہ شعری ورثے کی ترویج اور اس علم کو آنے والی نسلوں تک مفت پہنچانے کے لیے ہم کئی اہم محاذوں پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
ان شاء اللہ
ہمارا سفر رکا نہیں، بلکہ ہم درج ذیل طویل مدتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں:
زندہ رود پر شامل کتب کے ایک سے زائد مستند تراجم
زندہ رود ویب سائٹ کا انگریزی ورژن
کمیونٹی بیسڈ پورٹل تاکہ کوئی بھی شخص فارسی متن یا ترجمے میں غلطیوں کی نشاندہی کر سکے، نئے تراجم کا اضافہ کر سکے اور اپنی آواز میں نظموں کی فارسی ریکارڈنگ اپلوڈ کر سکے۔ ایک سنٹرل ریویو بورڈ جانچ پڑتال کے بعد انہیں منظور کرے۔
اوپن سورس ”اے پی آئیز“ کا اجرا تاکہ زندہ رود پر موجود ڈیٹا کو بلا معاوضہ فراہم کیا جائے۔
ویب سائٹ پر کلاسیکی فارسی زبان سکھانے کے جامع کورسز کا اجرا، تاکہ فارسی شاعری کو براہِ راست سمجھنے کی صلاحیت پیدا کی جا سکے۔
ایک مستند آن لائن لائبریری، جو رطب و یابس کو چھانٹتے ہوئے فارسی شعرا پر لکھی گئی معیاری کتب تک رسائی آسان کرے۔
وما توفیقی إلا بالله