بس کہ چشم از انتظارِ خوش خطاں بے نور ہے
شاعر: مرزا غالبؔ
وزن: فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن (رمل مثمن محذوف)
مطبوعہ ماخذ: دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (۲۰۱۱ء)
Toggle stanza 1بس کہ چشم از انتظارِ خوش خطاں بے نور ہے
بس کہ چشم از انتظارِ خوش خطاں بے نور ہے
یک قلم، شاخِ گلِ نرگس، عصائے کور ہے
بزمِ خوباں، بس کہ، جوشِ جلوہ سے پُر نور ہے
پُشتِ دستِ عجز یاں ہر برگِ نخلِ طور ہے
ہوں، تصور ہائے ہم دوشی سے، بدمستِ شراب
حیرتِ آغوشِ خوباں، ساغرِ بلور ہے
ہے عجب مُردوں کو غفلت ہائے اہل دہر سے
سبزہ جوں انگشتِ حیرت در دہانِ گور ہے
حسرت آبادِ جہاں میں ہے، الم، غم آفریں
نوحہ، گویا خانہ زادِ نالۂ رنجور ہے
کیا کروں؟ غم ہائے پنہاں لے گئے صبر و قرار
دزد گر ہو خانگی، تو پاسباں معذور ہے
ہے ز پا افتادگیٔ نشہ بیماری مجھے
بے سخن، تبخالہ لب، دانہ انگور ہے
جس جگہ ہو مسند آرا جانشینِ مصطفےٰ
اس جگہ تختِ سلیماں، نقشِ پائے مور ہے
واں سے ہے تکلیفِ عرضِ بے دماغی اور اسدؔ
یاں صریرِ خامہ مجھ کو نالۂ رنجور ہے
زمین
ہم وزن و قافیہ نظمیں
آڈیو
اس نظم کے لیے شعر بہ شعر آڈیو وقت ابھی دستیاب نہیں۔
تصاویر
گفتگو
قارئین کے تبصرے
اپنی رائے دیں، سوال پوچھیں یا گفتگو کو آگے بڑھائیں۔ تبصروں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
مطبوعہ ماخذ
دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (۲۰۱۱ء)حواشی
- 1
ویب کلیاتِ غالبؔ کے ضمیمۂ سوم سے ماخوذ؛ یہ کلام متداول دیوان سے الگ ضمنی متن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل ماخذ
متن اور تقابلی حوالے
دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (2011ء)، PDF صفحہ 270 کی قرأت کے مطابق متن میں «مصطفے ٰ» کی جگہ «مصطفےٰ» اختیار کیا گیا ہے۔ نقل یا لفظی فاصلے کی غلطی درست کی گئی ہے۔
دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (2011ء)، مطبوعہ صفحہ 100 کے مطابق «پُشتِ دستِ عجزیاں ہر برگِ نخلِ طور ہے» کی تصحیح «پُشتِ دستِ عجز یاں ہر برگِ نخلِ طور ہے» کی گئی ہے۔
تقابلی حوالے
- کلیاتِ غالبؔ — سعادت متین کی ویب کتابماخذ کا تعارف
ویب کلیاتِ غالبؔ — ضمیمۂ سوم
زندہ رود: شاعری کی فنی جہتیں
زندہ رود نے اپنے تیار کردہ خصوصی سافٹ ویئر کی مدد سے ویب سائٹ پر موجود کلام کی بحر، وزن، صنفِ سخن، ردیف اور قافیے کا تعین کر کے اسے ایک جامع فنی شناخت دی ہے۔ اس منفرد کاوش نے شاعری کے مطالعے اور تحقیق کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں، جہاں قارئین ایک ہی بحر، قافیے، ردیف یا صنف میں مختلف شعرا کا کلام دریافت کر سکتے ہیں اور ان کے درمیان دلچسپ مماثلتیں اور روابط تلاش کر سکتے ہیں۔

