ملتی ہے خُوئے یار سے نار التہاب میں

Toggle stanza 1
ملتی ہے خُوئے یار سے نار التہاب میں
1

ملتی ہے خُوئے یار سے نار التہاب میں

کافر ہوں گر نہ ملتی ہو راحت عذاب میں

2

کب سے ہُوں کیا بتاؤں جہانِ خراب میں

شب ہائے ہجر کو بھی رکھوں گر حساب میں

3

تا پھر نہ انتظار میں نیند آئے عمر بھر

آنے کا عہد کر گئے آئے جو خواب میں

4

قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں

میں جانتا ہوں جو وہ لکھیں گے جواب میں

5

مجھ تک کب ان کی بزم میں آتا تھا دورِ جام

ساقی نے کچھ ملا نہ دیا ہو شراب میں

6

جو منکرِ وفا ہو فریب اس پہ کیا چلے

کیوں بد گماں ہوں دوست سے دشمن کے باب میں

7

میں مضطرب ہُوں وصل میں خوفِ رقیب سے

ڈالا ہے تم کو وہم نے کس پیچ و تاب میں

8

میں اور حظِّ وصل خدا ساز بات ہے

جاں نذر دینی بھول گیا اضطراب میں

9

ہے تیوری چڑھی ہوئی اندر نقاب کے

ہے اک شکن پڑی ہوئی طرفِ نقاب میں

10

لاکھوں لگاؤ ایک چُرانا نگاہ کا

لاکھوں بناؤ ایک بگڑنا عتاب میں

11

وہ نالہ دل میں خس کے برابر جگہ نہ پائے

جس نالے سے شگاف پڑے آفتاب میں

12

وہ سحر مدعا طلبی میں کام نہ آئے

جس سِحر سے سفینہ رواں ہو سراب میں

13

غالبؔ چُھٹی شراب پر اب بھی کبھی کبھی

پیتا ہوں روزِ ابر و شبِ ماہتاب میں

زمین

ہم وزن و قافیہ نظمیں

آخر یہ حسن چھپ نہ سکے گا نقاب میں

شرماؤ گے تمہیں نہ کرو ضد حجاب میں

اسماعیل میرٹھیغزلیاتآخر یہ حسن چھپ نہ سکے گا نقاب میں

شوخی نے تیری لطف نہ رکھا حجاب میں

جلوے نے تیرے آگ لگائی نقاب میں

مصطفیٰ خان شیفتہغزلیاتشوخی نے تیری لطف نہ رکھا حجاب میں

تاثیر صبر میں نہ اثر اضطراب میں

بیچارگی سے جان پڑی کس عذاب میں

مومن خان مومنغزلیاتتاثیر صبر میں نہ اثر اضطراب میں

جلتا ہوں ہجر شاہد و یاد شراب میں

شوق ثواب نے مجھے ڈالا عذاب میں

مومن خان مومنغزلیاتجلتا ہوں ہجر شاہد و یاد شراب میں

آیا کمال نقص مرے دل کی تاب میں

جاتا ہے جی چلا ہی مرا اضطراب میں

میر تقی میرغزلیاتدیوانِ اولآیا کمال نقص مرے دل کی تاب میں

کیا کیا فریب دل کو دیے اضطراب میں

ان کی طرف سے آپ لکھے خط جواب میں

نواب مرزا داغ دہلویغزلیاتکیا کیا فریب دل کو دیے اضطراب میں

کل کے لیے کر آج نہ خسّت شراب میں

یہ سُوء ظن ہے ساقیِ کوثر کے باب میں

مرزا غالبؔغزلیاتکل کے لیے کر آج نہ خسّت شراب میں

گفتگو

قارئین کے تبصرے

اپنی رائے دیں، سوال پوچھیں یا گفتگو کو آگے بڑھائیں۔ تبصروں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

0 / 2000 حروف
لوڈ ہو رہا ہے…