رات، دل گرمِ خیالِ جلوۂ جانانہ تھا
شاعر: مرزا غالبؔ
وزن: فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن (رمل مثمن محذوف)
مطبوعہ ماخذ: دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (۲۰۱۱ء)
Toggle stanza 1رات، دل گرمِ خیالِ جلوۂ جانانہ تھا
رات، دل گرمِ خیالِ جلوۂ جانانہ تھا
رنگِ روئے شمع، برقِ خرمنِ پروانہ تھا
شب کہ تھی کیفیتِ محفل بہ یادِ روئے یار
ہر نظر میں، داغِ مئے خالِ لبِ پیمانہ تھا
شب کہ باندھا خواب میں آنے کا قاتل نے، جناح
وہ فسونِ وعدہ میرے واسطے افسانہ تھا
دود کو آج اس کے ماتم میں سیہ پوشی ہوئی[1]
وہ دلِ سوزاں کہ کل تک شمع، ماتم خانہ تھا
ساتھ جنبش کے بہ یک برخاستن طے ہو گیا
تو کہے، صحرا غبارِ دامنِ دیوانہ تھا
دیکھ اُس کے ساعدِ سیمین و دستِ پر نگار
شاخِ گل جلتی تھی مثلِ شمع، گل پروانہ تھا
شکوۂ یاراں غبارِ دل میں پنہاں کر دیا
غالبؔ ایسے کنج کو شایاں یہی ویرانہ تھا[2]
اے اسدؔ! رویا جو دشتِ غم میں میں حیرت زدہ
آئینہ خانہ ز سیلِ اشک، ہر ویرانہ تھا
زمین
ہم وزن و قافیہ نظمیں
مدرسہ یا دیر تھا یا کعبہ یا بت خانہ تھا
ہم سبھی مہمان تھے واں تو ہی صاحب خانہ تھا
خواجہ میر دردغزلیاتمدرسہ یا دیر تھا یا کعبہ یا بت خانہ تھا
کل شب ہجراں تھی لب پر نالہ بیمارانہ تھا
شام سے تا صبح دم بالیں پہ سر یک جا نہ تھا
میر تقی میرغزلیاتدیوانِ اولکل شب ہجراں تھی لب پر نالہ بیمارانہ تھا
بس کہ جوشِ گریہ سے زیر و زبر ویرانہ تھا
چاکِ موجِ سیل، تا پیراہنِ دیوانہ تھا
مرزا غالبؔضمیمۂ سوم: انتخاب از دیوانِ غالبؔ کاملغزلیاتبس کہ جوشِ گریہ سے زیر و زبر ویرانہ تھا
آڈیو
اس نظم کے لیے شعر بہ شعر آڈیو وقت ابھی دستیاب نہیں۔
تصاویر
گفتگو
قارئین کے تبصرے
اپنی رائے دیں، سوال پوچھیں یا گفتگو کو آگے بڑھائیں۔ تبصروں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
مطبوعہ ماخذ
دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (۲۰۱۱ء)حواشی
- 1
دود : نسخۂ مبارک علی میں "درد" ہے لیکن نسخۂ عرشی میں پہلا لفظ "دود" ہے۔ —اعجاز عبید
- 2
مصرع : نسخۂ رضا میں یہ مصرع یوں ہے: ؏ غالبؔ، ایسے گنج کو شایاں یہی ویرانہ تھا —جویریہ مسعود۔
ڈیجیٹل ماخذ
متن اور تقابلی حوالے
«رات، دل گرمِ خیالِ جلوۂ جانانہ تھا» دیوانِ غالب — مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور (2011ء) کے سات اشعار کے مطابق مکمل کی گئی ہے۔ ایک شعر کے دو مکرر اندراجات یکجا کیے گئے ہیں۔ مطبوعہ قرأت «کنج کو شایاں» اختیار کی گئی ہے؛ حاشیے کی متبادل قرأت کو آٹھواں شعر نہیں بنایا گیا۔
تقابلی حوالے
زندہ رود: شاعری کی فنی جہتیں
زندہ رود نے اپنے تیار کردہ خصوصی سافٹ ویئر کی مدد سے ویب سائٹ پر موجود کلام کی بحر، وزن، صنفِ سخن، ردیف اور قافیے کا تعین کر کے اسے ایک جامع فنی شناخت دی ہے۔ اس منفرد کاوش نے شاعری کے مطالعے اور تحقیق کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں، جہاں قارئین ایک ہی بحر، قافیے، ردیف یا صنف میں مختلف شعرا کا کلام دریافت کر سکتے ہیں اور ان کے درمیان دلچسپ مماثلتیں اور روابط تلاش کر سکتے ہیں۔

